نیویارک،13مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی قومی سلامتی کیمشیر ایچ آر مکسمسٹر نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا آئندہ ہفتے مشرق وسطیٰ کا دورہ نہایت اہمیت کا حامل ہوگا۔ اپنے اس دورے کے دوران وہ علاقائی اقوام کو باہم متحد کرانے اور تمام مذاہب کے پیروکاروں کو خطے میں دیر پا قیام امن کی حمایت اور تشدد کے خلاف جنگ پرآمادہ کریں گے۔اپنے ایک بیان میں امریکی قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران امریکا اور اس کے اتحادیوں کو قیام امن کی حمایت کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ تشدد اور افراتفری پھیلانے والے عناصر کے خلاف پوری قوت سے لڑنے کی حوصلہ افزائی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دورہ اسرائیل کے دوران اسرائیل امریکا تعلقات کو مستحکم کریں گے۔ اسرائیلی قیادت کے ساتھ ساتھ وہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں ٹرمپ فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کریں گے۔
ادھر وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ جمعہ کو اپنے پہلے غیرملکی دورے پر روانہ ہوں گے۔ وہ سعودی عرب، اسرائیل اور اٹلی کا دورہ کریں گے۔ ان تین ملکوں کے دورے کے دوران ٹرمپ مسلمانوں، یہودیوں اور عیسائیوں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد کریں گے۔